صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے  پاک۔آسٹریا یونیورسٹی کی سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عطاءالرحمن کی قیادت میں چینی وفد کی ملاقات

359

اسلام آباد ، 7 مئی (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے  پاک۔آسٹریا یونیورسٹی کی سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عطاءالرحمن کی قیادت میں چینی وفد نے  یہاں  منگل کے روز ایوان صدر میں ملاقات کی۔

 صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اطلاعات اور ایجادات کے اس دور میں حکومت کی کوشش ہے کہ وہ پاکستانی نوجوانوں کو ایسا ماحول فراہم کرے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوں، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور کمپیوٹنگ کا صدارتی اقدام ان پروگرامات میں شامل ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ چوتھے صنعتی انقلاب کے رجحانات انٹرنیٹ، روبوٹ، ورچوئل ادراک اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس وغیرہ تھے، جن سے رہن سہن اور کام کے راستوں میں تبدیلیاں آ رہی ہیں، حکومت تعلیمی طریقوں پر نظرثانی کر رہی ہے تاکہ انہیں جدید ترقیاتی مہارتوں اور ٹیکنالوجی کی بنیاد پر آلات سے ہم آہنگ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بالخصوص صدر ذاتی طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے یونیورسٹی آف کراچی اور پاک۔آسٹریا یونیورسٹی آف اپلائیڈ سائنسز میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس سنٹر آف ایکسیلینس کے قیام کیلئے چینی وفد کے کردار کو سراہا۔

 انہوں نے وفد کو دیگر جامعات میںآرٹیفیشل انٹیلی جنس سنٹر آف ایکسیلینس کے قیام کیلئے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے وفد کے بامقصد اور خوشگوار دورہ کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

وی این ایس ، اسلام آباد