وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں شرکت کیلئے بشکیک پہنچ گئے

281

بشکیک (کرغزستان)،21مئی(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے بشکیک (کرغزستان) پہنچ گئے ہیں۔مناس ہوائی اڈے پر ،کرغزستان میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی  اور وزارتِ خارجہ کرغزستان کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل،  کا دو روزہ اجلاس آج سے کرغز کے شہر بشکیک میں شروع ہو رہا ہے،جس  میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک کے وزرائے خارجہ/مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے  اجلاس   میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اورشنگھائی تعاون تنظیم کے  اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی شنگھائی تعاون تنظیم کے  اجلاس میں شرکت کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ خصوصی ملاقاتیں کریں گے جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ بھی وزیر خارجہ کی خصوصی ملاقات طے  ہے۔

وی این ایس، اسلام آباد