وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجبر الصباح سے ملاقات

192

کویت،19مئی(اے پی پی ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجبر الصباح سے یہاں اتوار کے روز ملا قات کی۔ملاقات میں وزیر خارجہ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان  کیطرف سے امیر کویت  کیلئے نیک خواہشات پہنچائیں جبکہ وزیر خارجہ نے امیر کویت کو رمضان شریف کی مبارکباد بھی پیش کی۔

اس موقع  پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،پاکستان کی ایک لاکھ سے زیادہ ورک فورس ، ماہرین کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجبر الصباح کو ویزہ پابندیوں کے حوالے سے کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تحفظات اور مشکلات سے آگاہ بھی کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کیطرف سے خصوصی خطوط بھی امیر کویت کو پیش کیے اور پاکستانی کمیونٹی کو درپیش ویزہ سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے ان سے خصوصی توجہ کی درخواست کی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران ،اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا غیر مستقل ممبر ہونے کے ناطے ،کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانے اور پاکستانی موقف کی حمایت پر امیر کویت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

امیر کویت نے پاکستانی قیادت بالخصوص وزیر اعظم عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ذاتی کاوشوں کا یقین دلایا۔

سورس:وی این ایس، اسلام آباد