وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی انڈونیشین  وزیر خارجہ رینٹو مارسوڈی سے ملاقات

328

جدہ،29مئی(اے پی پی ):او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے انڈونیشیا کی وزیر خارجہ رینٹو مارسوڈی سے ملاقات کی ، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنی انڈونیشین ہم منصب کو  انڈونیشیا میں ہونیوالے حالیہ انتخابات میں صدر ودودو کی دوبارہ کامیابی پر مبارکباد دی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، انڈونیشیا کو خطے کا انتہائی اہم ملک سمجھتا ہے ،پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین دوطرفہ تعلقات کئ دہائیوں پر محیط ہیں ،ہم انڈونیشیا کے ساتھ ،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں ۔

دونوں وزرائے خارجہ نے ملاقات میں  پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین،2003 میں تشکیل پانے والے “مشترکہ اقتصادی کمیشن” کو ازسرنو فعال بنانے سمیت دفاع ،زراعت،ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آسیان ریجنل فورم کی ممبر شپ کے حصول میں انڈونیشیا کی حمایت پر شکرگزار ہیں ،پاکستان، انڈونیشیا کی مارکیٹ تک رسائی کو بڑھانا اور دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کا خواہاں ہے ۔

انڈونیشین وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو یقین دلایا کہ انکی حکومت دوطرفہ کثیر الجہتی امور پر تعاون کے فروغ کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کریگی۔

وی این ایس، اسلام آباد