وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی سعودی وزیرخارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے ملاقات

307

جدہ، 29مئی ( اے پی پی ):او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیرخارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے خصوصی ملاقات کی ، ملاقات میں  دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے  چودہویں سربراہ اجلاس کی میزبانی پر ،سعودی وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پرتپاک خیر مقدم پر اپنے سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ حرمین شریفین کی حرمت یا سلامتی کو کوئی خطرہ درپیش ہوا تو پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہو گا،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ ء پاکستان نے پاکستانیوں کے دلوں میں گہرے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2107 قیدیوں کی رہائی کے اعلان نے عوام کے دل جیت لئے ہیں،وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب سے گذارش کی کہ ان قیدیوں کی جلد رہائی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پلوامہ واقعہ کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے دوران سعودی عرب کے مصالحانہ کردار کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا کہ او آئی سی میں ہندوستان کی شمولیت کسی بھی حیثیت میں قابلِ قبول نہیں ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستانیوں کے لیے حج کوٹے کو دو لاکھ تک بڑھانے پر بھی سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ نے او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے جلد حل کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

 وی این ایس ، اسلام آباد