وزیر ِ اعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی ملاقات

240

اسلام آباد، 29مئی (اے پی پی ): وزیر ِ اعظم عمران خان سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے  بدھ کو یہاں ملاقات کی ،وفد میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وزیرِ قانون ڈاکٹر محمد فروغ نسیم، عامر خان، کنور نوید، وسیم اختر، امین الحق اور فیصل سبزواری شامل تھے۔

ملاقات میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وفد نے وزیرِ اعظم سے مطالبہ کیا کے گذشتہ دس سالوں میں کراچی اور حیدرآباد میں جعلی ڈومیسائل کی بنیاد پر ان بڑے شہروں کے مکینوں کو سرکاری نوکریوں میں ان کے جائز حق سے محروم رکھا گیا ہے۔ اس بدعنوانی اور غیر قانونی عمل کی تحقیقات کرائی جائیں ۔

وفدنے وزیر اعظم  سے  درخواست کی  کہ صوبائی سطح پر این ایف سی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی مالیاتی کمیشن کے قیام پر عمل درآمد کویقینی بنایا جائے۔ صوبائی مالیاتی کمیشن کی تشکیل تک اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کراچی اور حیدرآباد جیسے بڑے شہروں کو ترقیاتی فنڈز میں ان کا جائز حق ملے۔

 وزیرِ منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار اور معاون خصوصی نعیم الحق بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وی  این ایس، اسلام آباد