پاکستان ایران کے ساتھ علاقائی ترقی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے:اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

256

اسلام آباد ، 24 مئی (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ  پاکستان برادراسلامی ملک ایران کے ساتھ دوستی اور ہمسائیگی کے لازوال رشتوں میں بندھا ہوا ہے،پاکستان ایران کے ساتھ علاقائی ترقی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ پاکستان ایران سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر خوشگوار تعلقات چاہتا ہے،دونوں ممالک کی عوام کی خوشحالی اورخطے کی ترقی کے لیے پاکستان اور ایران کے مابین قریبی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ  دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں پارلیمانی سفارتکاری اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار اسپیکر اسمبلی نے  ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف سے ملاقات میں کیا ، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پرتبادلہ خیال  کیا گیا۔اسد قیصر نے کہا کہ  دہشتگردی اور انتہاپسندی خطے کی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے اس کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،پاکستان تمام تصفیہ طلب معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔

ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف  نے  کہا کہ دونوں اقوام کے درمیان قدیم تاریخی تعلقات پائے جاتے اور ایران  پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،دونوں ہمسایہ ممالک اہم علاقائی و عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ  نے کہا کہ ایران خطے میں امن و ترقی کے لیے پاکستان کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے، دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ  دونوں ممالک کے سیکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون کی وجہ سے دہشتگردی پر قابوپانے میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے،دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وی این ایس ، اسلام آباد