آئی جی پی خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم خان کی سانحہ عمرزئی چارسدہ تہرے قتل کیس کے سوگوار خاندان سے ملاقات، مقتولین کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی

0
38

پشاور،12 جون(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم خان سےسانحہ عمرزئی چارسدہ تہرے قتل کیس کے سوگوار خاندان نے آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ملاقات کی،آئی جی پی نے  غمزدہ خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مقتولین کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

تفصیلات کے مطابق چارسدہ تہرے قتل کیس کے متاثرین نے آج ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس انوسٹی گیشن ڈاکٹر اشتیاق مروت کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کی جس میں متاثرین کی موجودگی میں اس کیس کی تفتیش کے مختلف پہلوﺅں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل انوسٹی گیشن نے پولیس کو سانحہ کے ملزمان ناصر جمال اور نادر خان کی جلد از جلد گرفتاری عمل میں لانے کی ہدایت کی۔

آئی جی پی نے متاثرین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ یہ کیس پولیس کے لیے چیلنج ہے اور ملزمان جلد انصاف کے کٹہرے میں ہونگے۔ آئی جی پی نے متاثرین سے اس کیس میں پولیس کی کوششوں اورکئے گئے اقدامات کے بارے میں دریافت کیا۔ جس پر غمزدہ خاندان نے اب تک اُٹھائے گئے پولیس اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر مردان، ڈی پی او، ایس پی انوسٹی گیشن چارسدہ، ڈی ایس پی تنگی اور تفتیشی ٹیم کے ارکان کے علاوہ مدعی فریق کے صالح محمد، اسرار خان، عالمگیر خان، الہام خان ،مقتولین کی بہن اور مقتول سجاد کی بیٹی موجود تھے۔

 

سورس: وی این ایس، پشاور