جدہ: بین الاقوامی میوزک فیسٹول میں پاکستانی گلوکار ابرار الحق کے  گانے ” جٹ چڑھیا کہچری ” نے دھوم مچا دی

0
75

جدہ ،( سعودی عرب) 22 جون ( اے پی پی ): سعودی عرب کے شہر جدہ میں ” جٹ چڑھیا کہچری ” نے دھوم مچا دی، معروف پاکستانی سنگر ابرار الحق نے اپنی آواز کے جادو سے پاکستانیوں سمیت سعودی شہریوں کو بھی رقص کرنے  پر مجبور کر دیا ۔

جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام بین الاقوامی میوزک فیسٹول میں پاکستانی گلوکار ابرار الحق نے شاندار پرفارمنس دی ،ابرار الحق نے جٹ چڑھیا کہچری،  کڑیاں لہور دیاں اور تیرے رنگ رنگ جیسے گانوں کے سر بکھیرے تو جہاں پاکستانی کیمونٹی رقص کرنے  پر مجبور ہوگئی وہیں پر سعودی شہریوں کی بڑی تعداد بھی بھنگڑا ڈالنے پر مجبور ہوگئی۔ فیسٹول میں بھارت سے معروف گلوکار  محمد اسلم  اور جدہ سے پاکستانی نوجوان گلوکار نعیم سندھی اور دیگر نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔

 سعودی انٹرٹینمنٹ کی مشیر  نوشین احمد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم مختلف ممالک کے افراد کو اپنے ممالک کی ثقافت کے اعتبار سے تفریحی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ لوگوں کو پردیس میں دیس جیسا ماحول میسر آسکے ۔

میوزک فیسٹول  میں پاکستانی کمیونٹی کے سینکڑوں مردو خواتین کے علاوہ سری لنکا ،بنگلہ دیش ، بھارت اور  سعودی شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ شرکا نے سعودی انٹرٹینمنٹ کی کاوش ،شاہ سلمان بن العزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایشین کمیونٹی کی تفریح کیلئے پروگرام کی اجازت دی ۔

فیسٹول میں مقامی گلوکاروں نے بھی خوب اپنی آوازوں کا جادو جگایا اور حاضرین سے داد وصول کی۔

وی این ایس ، اسلام آباد