رواں بجٹ مں نالج اکانومی اور سائنس پر 43ارب روپے خرچ ہونگے: فواد چوہدری

0
46

اسلام آباد، 12جون(اے پی پی):وفاقی وزیر  برائے سائنس و  ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت پوری ایمانداری سے عوام کو مسائل  سے نکالنے میں کامیاب ہو جائے گی،موجودہ  بجٹ عوام دوست بجٹ ہے، رواں بجٹ میں نالج اکانومی اور سائنس پر 43ارب روپے خرچ ہونگے۔

پاکستان کونسل برائے تحقیق آبی وسائل کی 26 لیبارٹریز کے  کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کی تقریب سے خطاب میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ جن لوگوں نے لیبارٹریز بنائی ان کو ہی گھر بھیجاگیا، ہم پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں پر 80کروڑ ڈالر خرچ کرتے ہیں،پینے کے پانی اور سیوریج کو ریگولیٹ کر لیں تو یہ رقم بچ سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ  ملک کی  تمام لیبارٹریز کو جلد کمرشلائز کیا جائے گا،حکومت پِی سی آئی آر کے تحت جیولرز کیلئے جلد سرٹیفکیشن شروع کرے گی،ماضی میں منصوبہ بندی کا فقدان رہا۔ اسکولوں کوصاف  پانی کی فراہمی کا منصوبے لا رہے ہیں جس کے تحت 1500 اسکولوں کو صاف پانی میسر کیا جاے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ  نواز  شریف اور زرداری نے کھربوں روپے خرچ کیے لیکن منصوبہ بندی کا فقدان اور کرپشن ہونے  سے   ان  منصوبوں کا فائدہ عوام تک نا پہنچ سکا،صرف شریف فیملی نے 26 میلن ڈالر ٹی ٹی کے ذریعے منگوائے۔

انھوں نے کہا کہ شہباز شریف کے بس میں ہو تو قومی اسمبلی اور لندن کے درمیان پل بنا دیں،جس پر چڑھ کر وہ لندن جائیں  اور گھوم کر واپس آئیں۔

سورس: وی این ایس ای، اسلام آباد