وزیراعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے کرغزستان پہنچ گئے

0
18

اسلام آباد ،13 جون (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے جمعرات کو کرغزستان کے دارالحکومت بشکک پہنچ گئے۔ کرغزستان کے وزیراعظم محمد کلئی ابولگزیف اور وزیر صحت کسموسبیک سراﺅچ نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی امور نوجوانان عثمان ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان 13 اور 14 جون کو ایس سی او کے 19ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کی غرض سے کرغزستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ پاکستان کے علاوہ ایس سی او کے مستقل ارکان میں چین، روس، بھارت، قزاخستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں جبکہ افغانستان، منگولیا، ایران اور بیلا روس کو مبصر کی حیثیت حاصل ہے۔
وزیراعظم عمران خان کو اجلاس میں شرکت کی دعوت کرغزستان کے صدر سورون بیکوف نے دی تھی۔ اجلاس میں اہم بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے بھی شرکت کر رہے ہیں۔ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافہ کی غرض سے معاہدوں پر دستخط کے علاوہ سربراہان مملکت اجلاس میں اہم نوعیت کے فیصلے بھی کریں گے۔ وزیراعظم اس موقع پر دیگر ملکوں کے سربراہوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
سورس: وی این ایس، اسلام آباد