وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی برطانوی ہم منصب جیریمی ہنٹ سے ملاقات

357

لندن (یو کے)،19جون(اے پی پی ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آج برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں  پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے  اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین گہرے اور دیرینہ  تعلقات ہیں،پاکستان ان دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پلوامہ واقعہ کے بعد پاک بھارت کشیدگی کم کروانے اور خطے میں امن و استحکام کیلئے برطانیہ کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں برٹش ائیر لائن کی سروسز بحال کرنے پر برطانوی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صنعتی انجینئرنگ، مواصلات ،توانائی اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں جن سے برطانوی کمپنیاں ،پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے ،ہماری مثبت پالیسیوں سے استفادہ کر سکتی ہیں۔

ملاقات میں دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری اور اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کے حوالے سے بھی خصوصی گفتگو ہوئی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین  تجارتی،ثقافتی، تعلیمی ،سیاحتی اور سیکیورٹی سے متعلقہ امور پر دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔

وی این ایس لندن