وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  کی دو روزہ سرکاری دورے پر برسلز آمد

0
64

بیلجیم (برسلز)، 24 جون ( اے پی پی  ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر برسلز پہنچ گئے ہیں ، برسلز آمد پر  ہوائی اڈے پر برسلز میں پاکستان کی سفیر محترمہ نغمانہ ہاشمی اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ برسلز میں مغربی ملکوں کے دفاعی اتحاد ‘نیٹو’ کے ہیڈکوارٹر جائیں گے اور   نیٹو کے جنرل سیکرٹری سٹولٹن برگ  اور  پورپین یونین کی اعلیٰ عہدیدار برائے امور خارجہ فیڈریکا موگرینی کے ساتھ  ملاقات کریں گے جہاں پاکستان اور یورپین یونین کے مابین نئے جامع اسٹریٹجک پلان پر دستخط کئے جائیں گے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی یورپین کونسل کے اجلاس میں علاقائی سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے اور برسلز میں پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ تصویری نمائش کا افتتاح بھی کریں گے جو  تین ہفتے تک جاری رہے گی۔

وزیر خارجہ اپنے اس دو روزہ دورہ ء برسلز میں لوکل اور انٹرنیشنل میڈیا سمیت برسلز میں موجود  پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات اور خطاب بھی  کریں گے۔

وی این ایس، اسلام آباد