وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا چھٹا اجلاس

0
42

اسلام آباد، 12 جون(اے پی پی ):مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا چھٹا اجلاس آج وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق سفراء، سابق خارجہ سیکرٹریز، ماہرینِ بین الاقوامی امور اور دیگر اراکین مشاورتی کونسل نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کی او آئی سی اجلاس میں شرکت، چینی نائب صدر کے حالیہ دورہ ء پاکستان  سمیت  اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئے۔

وزیر خارجہ نے مشاورتی کونسل کے اراکین کو وزیر اعظم عمران خان کے او آئی سی اجلاس میں خطاب کے مندرجات اور چینی نائب صدر وانگ چی کشان کے دورہ ء پاکستان اور اس دوران طے پانے والے معاہدات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اراکین مشاورتی کونسل نے او آئی سی اجلاس میں وزیراعظم عمران کی طرف سے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے واضح اور دو ٹوک موقف اپنانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر وزیرخارجہ نے کہا کہ چینی نائب صدر وانگ چی کشان کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملی۔ پاکستان خطے میں تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ، برابری کی بنیاد پر امن تعلقات کا حامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام  اور اپنی سفارتکاری کو مزید موثر بنانے کے لئے موثر حکمت عملی اپنا رہے ہیں۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لئے افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار جاری رکھے گا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کے کثیر الجہتی امور میں معاونت پر مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کے اراکین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد