پاکستان اور برطانوی وزراء  خارجہ کا اقتصادی، تجارتی تعاون اور دو طرفہ تعلقات بڑھانے  پر اتفاق

281

لندن (یو کے)،19جون(اے پی پی ): پاکستان اور برطانوی وزراء  خارجہ نے اقتصادی، تجارتی تعاون اور دو طرفہ تعلقات بڑھانے  پر اتفاق کی ہے۔ یہ اتفاق رائے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی برطانوی ہم منصب جیریمی ہنٹ کے درمیان طے  پایا۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس  سے خطاب میں برطانوی  وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ  نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی کہ پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی لندن تشریف لائے ،ہم نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری پر تفصیلی گفتگو کی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین عوامی سطح پر اور حکومتی سطح پر دیرینہ اور گہرے تعلقات ہیں۔ہمارے درمیان دو طرفہ تجارت، بین الاقوامی امور پر تعاون ، علاقائی کشیدگی کے خاتمے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل ،اور غربت کے خاتمے کے حوالے انتہائی مفید گفتگو ہوئی ۔

برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے انتہائی مسرت ہورہی ہے کہ برطانوی وزیر برائے بین الاقوامی تجارت نے پاکستان کے ساتھ برآمدات کے حجم کو 400ملین سے بڑھا کر ایک بلین  کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،ہم نے برٹش ائیر ویز کے اسلام آباد سے لندن براہ راست  فلائیٹ آپریشن کی بحالی کے حوالے سے بھی گفتگو کی ہے ،یہ دونوں ممالک کیلئے اچھا شگون ہو گا ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے   کہا کہ میں سب سے پہلے برطانوی وزیر خارجہ کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اپنی گوناگوں مصروفیات سے وقت نکالا ،ہماری ملاقات میں بہت سے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا جن میں علاقائی امور ، افغان امن عمل شامل ہیں ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد خطے میں کشیدگی سے نمٹنے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے جو اقدامات کیے اس کے حوالے سے بھی میں نے برطانوی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا ،ہم نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کے انسداد ، دہشتگردوں کی مالی معاونت کی روک تھام اور ایف اے ٹی ایف کے تحت کیے گئے اقدامات پر بھی سیر حاصل گفتگو کی۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے  کہا کہ ہم نے پاک برطانیہ دو طرفہ تجزیاتی مذاکرات جو کہ 2018 میں ہونا تھے اور بعض وجوہات کی بنا پر نہیں ہوسکے ان پر بھی گفتگو کی ،پاکستان اور برطانیہ کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعاون دو طرفہ تعلقات کی نوعیت سے مطابقت نہیں رکھتا اسے بڑھانا چاہئے ،ہمارے درمیان سرمایہ کاری اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے بہترین مواقع موجود ہیں ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانیوں کی کثیر تعداد برطانیہ میں مقیم ہے جو دونوں ممالک کے مابین اقتصادی ،ثقافتی تعلقات کے فروغ دینےمیں معاون ثابت ہو سکتی ہے ،میری اس سے قبل ہوم سیکرٹری سے ملاقات ہوئی اور ہم نے ویزہ ایشو ،منی لانڈرنگ سمیت بہت سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔

وی این ایس، اسلام آباد