پنجاب میں کمرشل بینکوں کے ذریعے اراضی کی فرد ملکیت جاری کرنے کا نیا نظام متعارف

3

لاہور،11 جون (اے پی پی): پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں کمرشل بینکوں کے ذریعے اراضی کی فرد ملکیت جاری کرنے کا نیا نظام متعارف کروادیا ہے۔بینکوں میں فرد ملکیت کے اجراء کے لئے علیحدہ کاؤنٹرزقائم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اس اقدام سے فرد ملکیت کے حصول میں مزید آسانی ملے گی اور پنجاب حکومت  آن لائن فرد ملکیت کے اجراء کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ  یکم جولائی سے گھر بیٹھے آن لائن فردملکیت کے حصول کا سسٹم فعال ہوجائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے ہر لینڈ ریکارڈ سینٹرزمیں ریونیو واجبات جمع کرانے کا انتظام کیا جائے تاکہ لینڈ ریکارڈ سینٹرزکے دائرہ کار کو بڑھانے کے منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ریونیو امور سے متعلقہ عوام کی شکایات کا فوری ازالہ ضروری ہے۔ اس لیے سرکاری عمارتوں میں مستقبل بنیادوں پر لینڈ ریکارڈ سینٹرز قائم کیے جائیں۔

انھوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کے کسی بھی پراجیکٹ میں تاخیرتکلیف دہ امر ہے۔ اپنے عوام کو تکلیف اورمسائل کا شکار دیکھ کر خوش نہیں رہ سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ لینڈ یوٹیلائزیشن پالیسی کی جلد منظوری لے کر اس کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔ سرکاری اراضی کو لیز پر دے کر کاشتکاری کے فروغ کا شفاف نظام لایا جائے گا۔ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں سٹیلمنٹ کا عمل جلد ازجلد مکمل کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریونیو سٹاف سے متعلق بدعنوانی کی شکایات قعطاً قابل برداشت نہیں۔ محکمہ مال سے متعلق امور میں کرپشن کے خاتمے کیلئے ہیلپ لائن /کال سینٹر کو مزیدفعال کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدار ت اجلاس میں  صوبائی وزیر مال ملک محمد انور،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،سینئر ممبربورڈ آف ریونیو،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،سیکرٹری خزانہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اورڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے شرکت کی۔

سورس: وی این ایس، لاہور