چترال :مقامی سماجی کارکن کا تیار کردہ باغ سیاحوں کی توجہ کا مرکز،پتھروں پر اللہ اور رسولﷺ کے نام کندہ

0
67

چترال، 17جون  (اے پی پی): چترال کے بالائی علاقے کوشت گاﺅں میں نغور مولی میں ایک ایسا باغ بھی موجود ہے جس میں مختلف انواع و اقسام کے پھول موجود ہیں  جسے  علاقے کے ایک سماجی کارکن حبیب اللہ نے اپنی مدد آپ کے تحت تیارکیا ہے ۔

باغ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ایسے پتھر بھی رکھے گئے ہیں جن پر قدرتی طور پر اللہ اور رسولؐ کے نام کندہ ہیں

 حبیب اللہ کے بڑے بیٹے نعیم الدین کا کہنا ہے کہ میرے والد صاحب کا یہ شوق ہے اور ہر رنگ و نسل کے پھولوں کے بیج لاکر اس باغ میں لگاتے ہیں اور جہاں سے بھی ان کو ایسے مقدس پتھر ملتے ہیں جن پر خدا اور رسولؐ کا نام کندہ ہو تو ان نوادرات کو بھی دور دراز سے لاکر اپنے باغ کی زینت بناتےہیں اور ان مقدس پتھروں کی حفاظت وہ کسی کے تعاون کے بغیر کر رہے ہیں۔

یہ باغ کوشت گاں کے بالکل شروع میں واقع ہے اور جو بھی کوئی سیاح اس گاﺅں میں داخل ہوتا ہے وہ ضرور اس باغ کا ایک چکر  لگاتا ہے۔

چترال کے مختلف علاقوں میں ایسے پراسرار پتھر اور غار کئی جگہ موجود ہیں جن پر تحقیق کی ضرورت ہے اس کے علاوہ کئی پہاڑی اور پرانے سٹوپا کے طرز پر عجیب قسم کے مقامات موجود ہیں جن پر ابھی تک کسی ادارے نے کام نہیں کیا ہے اور آثار قدیمہ کے طلباءکیلئے ان میں بہت مواد مل سکتا ہے۔

وین این ایس، چترال