قطر کی طرف سے بھاری سرمایہ کاری کا اعلان وزیراعظم عمران خان پر اظہار اعتماد ہے:معاون خصوصی اطلاعات

265

اسلام آباد ، 24 جون ( اے پی پی ): معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ امیر قطر کا براہ راست سرمایہ کاری اور ڈیپازٹ کی صورت میں 3ارب ڈالر دینے پر شکر گزار ہیں۔امیر قطر کی طرف سے بھاری سرمایہ کاری کا اعلان وزیراعظم کی قیادت پر اعتمادکا اظہار  ہے۔ امیر قطر کا دورہ پاکستان وزیراعظم کی کامیاب پالیسیوں کا عکاس ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے   معاون خصوصی  کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قطر کیساتھ نئی شراکت داری دوطرفہ تعلقات کا نیا باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستانی عوام  نے دہشتگردی کیخلاف کامیاب جنگ لڑی۔ ہم نے دنیا کو پر امن بنانے کیلئے دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑی۔پاک فوج اور دیگر اداروں نے عظیم قربانیاں دیں۔پاکستان نے قیمتی جانوں کیساتھ معاشی شعبے میں بھی بے مثال قربانی دی۔وزیراعظم عمران خان دنیا کو پاکستان کی قربانیوں سے آگاہ کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اُجاگر کیا۔ وزیراعظم پاکستان کی عالمی تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں،مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے قطر کا اہم کردار ہے۔پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہو چکا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو عالمی تنہائی سے نجات دلائی۔وزیراعظم پاکستان میں بد عنوانی کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی عوام اور ملک کے مفاد میں ایک اور کوشش رنگ لائی ہے۔

معاون خصوصی   نے کہا ہے کہ بہت جلد پاکستان کو درپیش اقتصادی چیلنجز سے کامیابی سے نمٹیں گے اور  کھویا ہوا مقام حاصل کر لے گا۔  انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری سے معاشی خسارے سے نکلنے میں مدد ملے گی۔ مذہبی اور دیگر سیاحتی مقامات کیلئے ویزوں کا اجراء آسان بنایا ہے۔ سیاحت کے شعبےکے فروغ کیلئے حکومت نے مختلف مراعات کا اعلان کیا ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا  کہ اقوام  متحدہ نے سفر کیلئے پاکستان کو محفوظ ترین ملک قرار دیا ہے۔  اقوام متحدہ کا پاکستان کو فیملی سٹیٹس دینا اعتماد کامظہر ہے۔ قطر پاکستان سے افرادی قوت کی تعداد بڑھانے پر متفق ہے۔ قطر نے پاکستانی چاول کی درآمد پر عائد پابندیاں بھی  ہٹا دی ہیں ، پابندیاں ہٹنے سے پاکستانی باسمتی چاول قطر اور دیگر مشرقی وسطیٰ کے ممالک میں جائے گا ۔

وی این ایس اسلام آباد