قومی اسمبلی اجلاس؛ مالی سال 20-2019 کے لیے70 کھرب 22 ارب روپے کا مالیاتی بجٹ پیش

325

اسلام آباد، جون 11(اے پی پی): قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی حکومت نے مالی سال 20-2019 کے لیے مالیاتی بجٹ پیش کر دیا جس کا کُل تخمینہ 70 کھرب 22 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں ہونے والے بجٹ اجلاس میں وزیر مملکت برائے ریوینیو حماد اظہر نے مالی سال 20-2019 کا بجٹ پیش کیا جب کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے مالی سال 20-2019 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ‘وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ایک نئے سفر کا آغاز ہوا ہے، تحریک انصاف نئی سوچ، نیا عزم اور ایک نیا پاکستان لائی ہے، پاکستان کے لوگوں کی مرضی ہمیں یہاں لائی ہے، اب وقت ہے لوگوں کی زندگی بدلنے کا، اداروں میں میرٹ لانے کا اور کرپشن ختم کرنے کا۔’

مالیاتی بجٹ کے اہم نکات یہ ہیں۔

  • بجٹ خسارے کا تخمینہ 3 ہزار 137 ارب روپے
  • وفاقی آمدنی کا تخمینہ 6 ہزار 717 ارب روپے
  • ترقیاتی بجٹ کے لیے 1800 ارب روپے مختص
  • دیامر بھاشا ڈیم کے لیے 20 ارب روپے مختص
  • داسو ہائیڈرو منصوبے کیلئے 55 اور مہمند ڈیم کے لیے 15 ارب روپے
  • ایف بی آر کے ریونیو کیلئے 5 ہزار 550 ارب روپے کا چیلنجنگ ہدف مقرر
  • جی ایس ٹی کی شرح 17 فیصد برقرار رکھنے کا فیصلہ
  • اعلیٰ تعلیم کے لیے ریکارڈ 43 ارب روپے مختص
  • زرعی شعبے کے لیے 12 ارب روپے
  • کراچی کے 9 ترقیاتی منصوبوں کے لیے 45.5 ارب روپے
  • عسکری بجٹ 1150 ارب روپے برقرار رہے گا
    • گریڈ ایک سے 16 تک کے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد ایڈہاک اضافے کی تجویز
    • گریڈ 21 اور 22 کے سول ملازمین کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں
    • ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن میں بھی دس فیصد اضافے کی تجویز
    • وفاقی کابینہ کے ارکان کی تنخواہوں میں 10 فیصد کمی
  • مزدور کی کم از کم تنخواہ 17 ہزار 500 روپے  مقرر کی گئی ہے۔

قومی اسمبلی  اجلاس میں اپوزیشن نے بجٹ تقریر کے دوران احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی،اپوزیشن کے اراکین  نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہوگئے۔ شدید نعرے بازی کے باوجود وزیر مملکت برائے خزانہ نے اپنی بجٹ تقریر جاری رکھی۔

قومی اسمبل کا اجلاس اب جمعہ کے روز ساڑھے دس بجے تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد