وزیر اعظم عمران خان سے حیدر آباد، لاڑکانہ ، سکھر اور میر پور خاص ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی کی ملاقات

301

اسلام آباد، 12 جون(اے پی پی ):وزیر اعظم عمران خان سے حیدر آباد، لاڑکانہ ، سکھر اور میر پور خاص ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے  بدھ کو یہاں وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی ۔

ملاقات میں صوبہ سندھ کی مجموعی صورتحال، وفاق کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور صوبے کے عوام کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی۔

اراکین قومی اسمبلی نے ملکی معیشت کے استحکام، سال 20-2019کے بجٹ اور وزیر اعظم کی جانب سے گذشتہ رات اہم قومی امور پر عوام کو اعتماد میں لینے پر وزیر اعظم اور انکی ٹیم کو سراہا جبکہ اراکین نے وزیر اعظم کو اپنے متعلقہ حلقوں میں عوام کو درپیش  مسائل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ سندھ کے عوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے ،بہت جلد چند دنوں کے لیے سندھ کا دورہ کروں گا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والوں  کا مکمل احتساب ہوگا۔

 ملاقات میں میاں محمد سومرو، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، غوث بخش خان مہر، نزہت پٹھان، لال چند، جئے پرکاش ، صابر حسین قائم خانی، صلاح الدین، اور سائرہ بانو شری اورمعاون خصوصی نعیم الحق، ارشد داد، سیف اللہ نیازی شریک تھے۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد