پاک بحریہ اقوام عالم کے ساتھ آج سمندروں کا عالمی دن منا رہی ہے

556

اسلام آباد ، 08 جون (اے پی پی ): پاک بحریہ اقوام عالم کے ساتھ آج سمندروں کا عالمی دن منا رہی ہے ۔سمندروں کے عالمی دن کے لیے اس سال اقوام متحدہ کا منتخب موضوع “صنف اور سمندر ” ہے جس کا مقصد اس شعبہ میں خواتین کے کردار کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔اس کے علاوہ اس دن کو منانے کا مقصد سمندروں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اورانسانی سرگرمیوں کے سمندر پر اثرات سے عالمی برادری کو روشناس کرانا  ہے ۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق   پاک بحریہ سمندری وسائل کے محفوظ اور دیرپا استعمال کے فروغ میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے ۔  اس سلسلے کےنمایاں اقدامات میں ساحل اور سمندر کی صفائی،  سمندری وسائل سے آگاہی کیلئے واک ، لیکچرز اور سیمینارزکا انعقاد شامل ہیں۔

نیول چیف  نے سمندروں کے عالمی دن پر پیغام  میں کہا کہ آج کےدن ہم سمندروں سے جڑی معیشت میں خواتین کے اہم کردار اور سمندری وسا ئل کے دیر پا استعمال اور بقا کےلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

اس دن کی مناسبت سے سمندر اور سمندری وسائل سے آگاہی کیلئے پاک بحریہ نے مختصر ویڈیو بھی ریلیز کی ہے ۔

سورس : وی این ایس ، اسلام آباد