پشاور؛ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے زیر اہتمام خیبرپختونخوا کا پہلا قومی مشاعرہ ، غزل نائٹ اور آرٹ نمائش”شہر سخن” نشتر ہال میں شروع

1006

پشاور، 14 جون(اے پی پی): سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ پشاور کے زیر اہتمام خیبرپختونخوا کا پہلا قومی مشاعرہ ، غزل نائٹ اور آرٹ نمائش ” شہر سخن” نشتر ہال پشاور میں شروع ہوگیا ہے، مشاعرے کے بعد غزل نائٹ کا بھی اہتمام کیا جائیگا جس میں نامور گلوکار استاد حامد علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے۔

مشاعرے میں ملک بھر سے قومی زبان اردو اور  لسانی زبانوں کے نامور شعراء امجد اسلام امجد ، ڈاکٹر صغری صدف ، پروفیسر سحر انصاری ،کشور ناہید ،فرحت عباس شاہ، پروفیسر درویش  درانی ، ڈاکٹر انعام الحق جاوید ، سید وصی شاہ، پیر محمد کاروان ،ڈاکٹر نذیر تبسم ،  پروفیسر اباسین یوسفزئی،پروفیسر ناصر علی سید ، عزیز اعجاز ،بشری فرخ ، مشتاق شباب ، فاروق جان بابر آزاد ،پروفیسر اقبال شاکر، رحمت شاہ سائل ، اکرم خان عمرزئی ، سیدہ حسینہ گل ، اقبال مہمند ، روخان یوسفزئی ، سعداللہ جان برق ، ظفر خان ظفر ، محمد حنیف قیس ،حسین  احمد صادق ، ڈاکٹر اسرار اتل ،بخت زادہ دانش اور پروفیسر حسام حر اپنے کلام سے ناظرین کو لطف اندوز کرینگے۔

پہلے قومی مشاعرے میں مہمان خصوصی نامور شاعر مرحوم احمد فراز کے صاحبزادہ سینیٹر شبلی فراز ہیں جبکہ میزبان ضلع ناظم محمدعاصم خان ہیں۔ تاہم سٹیج سیکرٹری کے فر ائض نامور پشتو شاعر پروفیسر اباسین یوسفزئی اور پروفیسر ناصرعلی سید انجام دے رہے ہیں۔

مشاعرے میں دیگر شعراء،ادب سے وابسطہ افراد اور شعر وشاعری میں دلچسپی لینے والےافراد کی کثیر تعداد میں شرکت متوقع ہیں۔ مشاعرے میں چاروں صوبوں میں بولی جانی والی زبانوں کے ساتھ ہندکو اور دیگر لسانی زبانوں کے شعراء کو بھی اظہار خیال کا موقع فراہم کیا جائے گا تاکہ ملک میں بولی جانی والی تمام زبانوں کی شعراء کے خیالات سے ناظرین روشناس ہوسکیں۔

سورس: وی این ایس، پشاور