بہار ، رنگوں اور خوشیوں کا موسم

4655

اسلام آباد، مارچ ۶۱ (اے پی پی ):پاکستان وہ ملک ہے جسے قدرت نے بہت دلفریب موسموں سے نوازا ہے کبھی موسم سرما ہے تو کبھی گرما،کبھی خزاں ہے تو کبھی بہار۔
سردیوں کی طویل اداس خاموشی کے بعد بہار کا خوبصورت اور دلفریب موسم پوری فضا کو بے شمار پھولوں کی خوشبو اور رنگوں سے معطر اور رنگین کر دیتا ہے اور آنکھوں کے سامنے خوشیوں کا ایک خوبصورت منظر رقص کرنے لگتا ہے۔
فروری کے اختتام اور مارچ کے اوائل میں جب اس خوبصورت موسم کا آغاز ہوتا ہے تو گویا شہر نگاراں کا رنگ،ڈھنگ ہی بدل جاتا ہے۔ بڑی بڑی شاہراہوں کے گرد کھلے پھولوں کے تختے،دھوئیں اور ٹریفک کے اڑدہام میں بھی ذہن و دل کو تروتازگی دیتے ہیں۔
بہار کا موسم خدا کا دیا ہوا وہ تحفہ ہے جس کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے یہ موسم اپنے ساتھ رنگوں کی بارات لیکر آتا ہے جس کی خوبصورتی سے ہر انسان اپنے انداز میں لطف اندوز ہوتا ہے ۔ ہمارے قدیم تہواروں میں سے جشن بہاراں اور میلہ چراغاں کا تہوار بھی بہار کے موسم سے مقبول و منسوب ہیں۔
فضا میں بکھرے رنگوں کی مناسبت سے موسم بہار میں خواتین ملبوسات کے لیے زیادہ تر انہی شوخ رنگوں کا انتخاب کرتی ہیں۔۔”موسم بہار“ جہاں باغوں کو رونق بخشتا ہے وہاں یہ حسین موسم رویوں اور مزاجوں میں بھی قدرتی طور پر ایک خوشگوار تبدیلی لاتا ہے کیونکہ بہار کے موسم میں نکھری ہوئی ہریالی اور رنگا رنگ پھولوں کی خوشبو سے معطر فضا ہرذی روح میں خوشی کا احساس اجاگر کرتی ہے.۔
اے پی پی / سعیدہ ا ن م