یمن کے نائب وزیر اعظم کی صدر ممنون سے ملاقات، دو طرفہ امور پر بات چیت

318

اسلام آباد مارچ 13 (اے پی پی): صدر  مملکت ممنون حسین  نے کہا  ہے کہ مسلم ممالک کو باہمی اختلافات سے بچتے ہوئے کی  ترقی اور استحکام  کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں یمن کے نائب وزیراعظم  اور وزیر خارجہ عبدالمالک  عبدالجلیل المخلافی سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاکستانی وزارت خارجہ کے قائمقام سیکریٹری  محمد وحید الحسن کے علاوہ   یمن کے سفیر محمد موطاہر الشعبی کے علاوہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

 

صدر مملکت نے کہا کہ جنگ سے یمن کو بہت نقصان پہنچا ہے انھوں نے توقع ظاہر کی  کہ صورت حال میں جلد بہتری پیدا ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان یمن کی ترقی اور استحکام میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہے اور چاہتا ہے کہ یمن میں جلد امن قائم ہو  تاکہ وہاں کے لوگ  جنگی کیفیت سے نکل سکیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان  یمن کے صدر ع منصور ہادی  کی  امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور منصور ہادی کو  یمن کا جائز حکمران سمجھتا ہے اور انھیں پاکستان کی حمایت حاصل رہے گی اور خطے میں امن اور ترقی کےلیے پاکستان  یمن کی قانونی حکومت کاساتھ دیتا رہے گا۔

اس موقع   پرصدر مملکت نے جنگ کے دوران پاکستانیوں کی واپسی کے لیے  یمنی حکومت کی کاوشوں کو سرا ہا۔انھوں نے اس توقع کا اظہار  کیا کہ یمن کی حکومت پاکستانیوں بحفاظت  واپسی کے لیے آئندہ بھی اپنا  کردار ادا کرتی رہے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے یمن  جنگ سے متاثرہ افراد کی بحالی  کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے اور   یہ امداد یمنی حکومت کی خواہش کے مطابق جلد فراہم کردی جائے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ یمن کے لوگ بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔انھیں ذاتی اختلافات کو بھلا کر ملک کی ترقی کے لیے اکھٹے آگے بڑھنا ہو گا تاکہ یمن ترقی کر سکے۔

صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے  درمیان دوستانہ تعلقات، اعتماد اور تعاون دوطرفہ تعلقات کی بنیاد ہے اور اسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر یمن کے  نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ عبدالمالک  عبدالجلیل المخلاقی  نے صدرمملکت  سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یمن پاکستان کے ساتھ  تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے  اور ان کی حکومت یمن میں  پاکستانی کارکنوں کا خیر مقدم کرےگی ۔

اے پی پی حمزہ/وی این ایس اسلام آباد