وزیراعظم محمد نواز شریف کی صدارت میں مسلم لیگ (ن) سندھ کا تنظیمی اجلاس

398

 

 

 

اسلام آباد اپریل 19 (اے پی پی): وزیراعظم محمد نواز شریف نے آج اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے تنظیمی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ جانا ہمارا حق ہے اور اگر کسی نے سندھ میں کام نہیں کیا تو اُسے نتائج کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے ۔ ہمارے سیاسی مخالفین کو بھی پورا پورا حق ہے کہ وہ پنجاب سمیت جہاں جانا چاہیں، بڑے شوق سے جاہیں ۔ عوام ہماری کارکردگی دیکھ رہے ہیں اور دوسروں کے کام بھی عوام کے سامنے ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ حاصل کیے ہیں اور آئندہ بھی شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے پارٹی اراکین کو تاکید کی کہ وہ عوام سے مسلسل رابطہ رکھیں اور ترقی ، خوشحالی اور روشن پاکستان کا پیغام سندھ کے ہر شہر ، گاؤں اور گوٹھ کے عوام تک پہنچائیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ سندھ میں عوام کی تائید حاصل ہورہی ہے اور پذیرائی میں اضافہ ہورہاہے ۔ مسلم لیگ (ن) کے پارٹی اراکین کو وزیراعظم نے کہا کہ اگر آپ محنت کرتے رہیں گے تو انشااللہ بہت اچھے نتائج حاصل کریں گے ۔ وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بابو سرفراز خان جتوئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عوامی رابطے کا پروگرام جلد ترتیب دیں تاکہ صوبہ سندھ میں بھی عوامی رابطے اور سیاسی سرگرمیوں کا جلد آغاز کیا جاسکے ۔

وزیراعظم نے سندھ کے شہروں کی حالتِ زار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا عزم ہے کہ سندھ کے عوام کو جدید شہری ، طبی اور تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ سندھ کے عوام کا معیارِ زندگی بہتر سے بہتر ہوسکے ۔

قائد ایوان سینٹ راجہ ظفر الحق ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ،گورنر سندھ محمد زبیر ، وزیراعظم کے مشیر جام معشوق علی ، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل ، وزیر کے مشیر برائے سیاسی امور، ڈاکٹر آصف کرمانی ، محترمہ مریم نواز ، چیئرمین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام محترمہ ماروی میمن ،صدر مسلم لیگ (ن) سندھ بابو سرفراز خان جتوئی ، نائب صدر مسلم لیگ (ن) سندھ شاہ محمد شاہ ، سینیٹر نہال ہاشمی ، سینیٹر پرویز رشید ، سینیٹر مشاہد اللہ خان ، سینیٹر نزہت صادق ، سینیٹر بیگم نجمہ حمید ، سینیٹر سلیم ضیاء ، کپٹن (ریٹائرڈ)محمد صفدر ، صدر اقلیتی ونگ مسلم لیگ (ن) ڈاکٹر درشن لال ، سید ایاز علی شاہ شیرازی ، جعفر اقبال ، بیگم عشرت اشرف ، چیئرمین متروکہ املاک صدیق الفاروق ، آرگنائزر خواتین ونگ زاہدہ بھند ، صدر اقلیتی ونگ مسلم لیگ (ن) سندھ ڈاکٹر شام سندھر اڈوانی، جنرل سیکرٹری اقلیتی ونگ کھیل داس کوہستانی ، زین انصاری ، صدر یوتھ ونگ سندھ راجہ خلیق الزمان انصاری ، سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ (ن) سندھ اسلم ابڑو ، بیگم صورت تھیبو اور چوہدری طارق اجلاس میں شریک ہوئے ۔ اے پی پی حمزہ

وی این ایس اسلام آباد