گوتما بدھ کے یوم پیدائش پر سالانہ وساکھ میلہ 21 سے 24مئی تک منایا جائے گا

0
238

اسلام آباد۔ 3 مئی 2017ء(اے پی پی) بدھ مت کے پیروکاروں کے لئے متبرک گوتما بدھ کے یوم پیدائش پر سالانہ وساکھ میلہ 21 سے 24مئی تک منایا جائے گا۔ سری لنکا سے بدھ بھکشوﺅں اور زائرین کے وفد کی حکومت پاکستان میزبانی کرے گی اور مذہبی مقامات پر زائرین کی جانب سے رسومات کی ادائیگی میں سہولیات فراہم کرے گی۔

بدھ کو سری لنکا کے ہائی کمشنر جے ناتھ لوکو کیتا گودیج نے وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور میلے کے انعقاد کے حوالہ سے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ سری لنکا کے ہائی کمشنر نے پاکستان میں قدیمی و تاریخی بدھ مقامات کی دیکھ بھال، بدھ مت کے پیروکاروں کے لئے فراخدلانہ سہولیات اور زائرین کی میزبانی پر وزیراعظم نواز شریف، مشیر وزیراعظم قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی اور وزارت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا باہمی احترام اور اعتماد کے رشتوں میں بندھے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان وقت کے ساتھ ساتھ قربت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ انجینئر عامر حسن نے بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی وساکھ میلے کے لئے بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں۔ گزشتہ برس بھی گوتم بدھ کے حوالے سے بدھ مت کے پیروکاروں کے لئے مقدس تبرکات سری لنکا بھجوائے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بدھ مت زائرین کی آمد پر تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن سید جنید اخلاق بھی موجود تھے۔

 

اے پی پی/سدرہ