پاکستانی نژاد یورپی رکن پارلیمان سجاد کریم کا پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کا موثر انداز میں دفاع دہشت گردوں کی جانب سے حملوں میں تیزی اوربربریت نے پاکستان کو سزائے موت جیسے دفاعی اقدام پر مجبور کیاہے، سجاد کریم کا یورپی پارلیمان میں خطاب

410

اسلام آباد ۔ 15 جون (اے پی پی) یورپی پارلیمان میں انسانی حقوق سے متعلق صورتحال پر بحث کے دوران پاکستانی نژاد یورپی رکن پارلیمان سجاد کریم نے پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال کا موثر انداز میں دفاع کیا۔مذاکرے کا موضوع”پاکستان میں انسانی حقوق کے علمبرداروں کی صورتحال اورسزائے موت“ رکھا گیا تھا۔ یورپی پارلیمان سے اپنے مختصر خطاب میں انہوں نے کہاکہ بیشتر اوقات انسانی حقوق کے حوالے سے قراردادوں میں حقیقی صورتحال کو مدنطر نہیں رکھا جاتا،یہ ایک حقیقت ہے کہ بیرونی اوربیرونی ذرائع سے امداد حاصل کرنے والے دہشت گرد پاکستان میں معصوم شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں،پاکستان کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی برادری سے زیادہ اورطویل عرصہ تک بھاری قربانی دی ہے۔سجاد کریم نے کہاکہ اس کے باوجود یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کی امداد کے حوالے سے سوالات پیدا ہورہے ہیں،انہوں نے پاکستان میں دہشت گردوں کی سزائے موت کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ پیرس میں ہونے والے حملے کو ہم اپنے اقدارپر حملہ قرار دیتے ہیں ، اسی طرح پشاور میں ہونے والا حملہ پاکستانی اقدار پر حملہ ہے ،پاکستان اپنے طریقے سے اپنے اقدار کے مطابق اسی طر ح کے ردعمل کا مظاہرہ کررہاہے جس طرح پیرس حملوں کے بعد ہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پالیسیاں ترتیب دیتے وقت ہمیں متعلقہ ممالک کی زمینی صورتحال اوراس کی سنگینی کا ادراک کرنا چاہئیے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کی جانب سے حملوں میں تیزی اوربربریت نے پاکستان کو سزائے موت جیسے دفاعی اقدام پر مجبور کیاہے۔ اے پی پی حمزہ
وی این ایس اسلام آباد