صدر مملکت ممنون حسین نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور بحرین کے درمیان سیکیورٹی اور انٹیلی جنس تعاون میں اضافے پر زور دیا ہے ۔

364

صدر مملکت نے بحرین کے ایوانِ بالا شوریٰ کونسل کے چیئر مین علی بن صالح الصالح سے بات چیت کرتے ہوۓ  کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم صلاحیت سے کم ہے اس میں مزید اضافے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان بحرینی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ بحرینی سرمایہ کارتوانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ رضا ربانی اور سینیٹر حمداللہ سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی ہنر مندوں نے بحرین کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ ہمارے ہنر مند آئندہ بھی اپنا مثبت اور مفید کردار ادا کر تے رہیں گے۔

صدر مملکت نے زندگی کے مختلف شعبوں میں بحرین کے طلبہ اور اہل کاروں کو تعاون کی پیشکش بھی کی۔ صدر مملکت نے زندگی کے مختلف شعبوں میں ماہرین کے تبادلے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں اس میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ تجارتی اور صنعتی شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کیے جاسکیں۔ انھوں نے اس موقع پر بحرین کے بادشاہ، ولی عہد ، حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی عالمی برادری خاص طور پر اسلامی ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے فروغ کے لیے بڑی محنت سے کام کرتے ہیں جو قابلِ تعریف ہے۔

بحرینی ایوان بالا کے چیئرمین علی بن صالح الصالح نے اس موقع پر بحرین کے بادشاہ اور ولی عہد کی طرف سے صدر مملکت کو نیک تمناﺅں کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان انتہائی قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ نرسنگ یونیورسٹی بحرین کی طرف سے پاکستان کے لیے ایک خصوصی تحفہ ہے جس سے باہمی تعاون میں مزید وسعت پیدا ہوگی۔ انھوں نے اس موقع پر پاک چین اقتصادی راہداری سے استفادہ کی خواہش بھی ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان بحرین ہی نہیں بلکہ پوری اسلامی دنیا کے لیے نہایت اہم ملک ہے۔

 

اے پی پی   / خالداعوان / حمزہ  /