وزیر داخلہ کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

266

اسلام آباد، 25 اکتوبر(ا پ پ):وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کی زیرصدارت بدھ کونیشنل ایکشن پلان پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چاروں صوبوں کی انتظامیہ اوروزارت کے حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد موثر انداز میں ہو،
صوبوں اور وفاق کے درمیان مربوط نظام قائم ہو تاکہ کسی بھی ادارے کا دائرہ کار متاثر نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ محلے اور مساجد کی سطح پر انتہا پسندی کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لئے صوبائی انتظامیہ کردار ادا کرے گی،بین الصوبائی وزارتی پلیٹ فارم تشکیل دینے کی ضرورت ہے تاکہ صوبے وفاق کے ساتھ باہمی ربط کے ساتھ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنا سکیں،دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قومی بیانیہ تشکیل دینے کے لئے صوبے اپنا فعال کردار ادا کریں،دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری جنگ ہے جو ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کی بقا کے لئے لڑی جا رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے جرائم اور دہشتگردی کے حوالے سے نیشنل ڈیٹابیس بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ
انسداد دہشتگردی کی کوششوں کو مربوط بنایا جائے تاکہ بہتر نتائج نکل سکیں ۔ صوبے مدارس اور مساجد کی رجسٹریشن کے عمل کو طے شدہ طریقہ کار پر یقینی بنائیں،صوبائی سطح پر علماءو مشائخ کے ساتھ ملکر انتہا پسندی کے خلاف حکمت عملی مذید موثر بنائی جائے،صوبے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے اپنی تجاویز سے وفاق کو آگاہ کریں۔
اے پی پی/صائمہ ا ن م/وی این ایس، اسلام آباد