پاک چین تعلقات میں گزشتہ چار برس کے دوران تاریخ ساز وسعت اور گہرائی پیدا ہوئی، صدر ممنون حسین

279

اسلام آباد ، اکتوبر5(اے پی پی ): صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات میں گزشتہ چار برس کے دوران تاریخ ساز وسعت اور گہرائی پیدا ہوئی ۔ یہ گرم جوشی نسل در نسل چلے گی۔ اس دور کو پاک چین تعلقات کے سنہری دور کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھا جائے    گا ۔

صدر مملکت نے یہ بات چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر سن وی ڈونگ اور ان کی اہلیہ مادام وی ڈونگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ ومنصوبہ بندی احسن اقبال، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے اس سے قبل خصوصی طور پر منعقدکی گئی تقریب میں انھیں ہلال پاکستان کااعزاز بھی عطا کیا ۔ انھیں یہ ا عزازدونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں اضافے کے سلسلے میں شاندار خدمات پر دیا گیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین دوستی میں مزید وسعت اور گہرائی پیدا کرنے کے لیے سفیر سن دی ژانگ نے انتھک محنت سے کام کیا ۔ اس سلسلے میں ان کی شاندار خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں جو ہمیشہ ایک دوسرے کے کام آتے رہیں گے ۔

انھوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا شاندار منصوبہ سفیرسن دی ڈونگ کے دور میں شروع ہوا اور اُس پر تیز رفتاری سے پیش رفت ہوئی ۔ صدر مملکت نے کہاکہ سن و ی ڈونگ پاکستان کے عظیم دوست ہیں جنھوں نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب لانے کے لیے بہترین خدمات انجام دیں ۔

چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے اس موقع پر کہا کہ ہلال پاکستان کا اعزاز میرے لیے باعث فخر ہے ۔ مجھے خوشی ہے کہ سی پیک کا منصوبہ میرے ہی دور میں خیال سے حقیقت کی منزل تک پہنچا ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں میرا قیام اپنے ہی خاندان میں قیام کی طرح تھا ۔ یہ خوشگوار یادیں میرے دل میں ہمیشہ زندہ رہیں گی ۔ انھوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے پر تیز رفتار پیشرفت کے سلسلے میں وفاقی وزیر احسن اقبال کی خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں ۔

 

اے پی پی، احسن