اسلام آباد،نومبر ۲۰(ا پ پ):صدرمملکت ممنون حسین کو نائیجیریا کے ہائی کمشنر، سو یٹزرلینڈ ، متحدہ عرب امارات، بوسنیا ہرزیگوینیا اور مصرکے سفیر وں نے جمعرات کوایوانِ صدر میں منعقدہ تقریب میں اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔اس موقع پر سفیروں اور ہائی کمشنرنے صدر ممنون حسین سے علیحدہ علیحدہ ملاقات بھی کی۔
اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان تمام دوست اوربرادرممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انھوں نے امید کا اظہار کیا کہ نامزد سفیر دوطرفہ تعلقات خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے لیے اقدامات کریں گے۔ صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان امن کے اصولوں پر کاربند ہے اور بین الاقوامی سطح پر ایک اہم اور ذمہ دار ملک کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے اور اس نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دیں ہیں جسے بین الاقوامی برادری کو تسلیم کرنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے اور آخری دہشت گردکے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے معیشت سمیت تمام شعبوں میں ترقی کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی مناسب پالیسیوں کی بدولت پاکستان کی معیشت صحیح سمت میں گامزن ہے۔انھوں نے کہا کہ توانائی اور تعمیرات کے شعبے میں بڑے منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جن کی تکمیل پر پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کی آزادسرمایہ کار پالیسی کی وجہ سے پاکستان جنوبی ایشیا میں سرمایہ کاری کے لیے بہترین ملک ہے جس سے بین الاقوامی سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
صدر ممنون حسین نے سفیروں اور ہائی کمشنر کو پاکستان میں ان کی نئی تعیناتی پر مبارک باد دی اور نئے عہدیداران کے پاکستان میںآرام دہ اور خوشگوار قیام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
اس سے قبل نامزد سفارت کاروں کو ایوان صدر کے مرکزی دروازے پر مخصوص بگھی میں لایا گیا۔ اس موقع پر پاکستان اور متعلقہ ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
سفارتی اسناد پیش کرنے والوں میں نائیجیریا کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ریٹائرڈ)اشیمیو ادیبایو اولینی اور سویٹزرلینڈ کے سفیر تھامس کولی ، متحدہ عرب امارات کے حماد عبید ابراھیم سالم الزابی، بوسنیا ہرزیگوینیا کے بریگیڈیئر جنرل (ریٹائرڈ) ثاقب فورق اورمصرکے سفیر احمد فضل یعقوب شامل تھے۔
ا پ پحمزہ ا ن م