Credential Ceremony at Aiwan-e-Sadr

309

 

ISLAMABAD, March 28 (APP)

صدر مملکت ممنون حسین کو بوسٹوانا ، ایکواڈور

اور فن لینڈ کے نامزد سفیروں نے اپنی اسناد سفارت پیش کردیں۔اس سلسلے میں بدھ کو ایوان صدر میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، بعد ازاں سفیروں نے صدر مملکت سے الگ الگ ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر صدر مملکت نے سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپ ، افریقہ اور جنوبی امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ سفارتی و تجارتی تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری کا ایک ذمہ دار رکن ہے اور تمام کثیر الجہتی اور بین الاقوامی فورموں پر دیگر ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے ملکر کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اختیار کردہ موثر پالیسیوں کی بدولت پاکستان کے اقتصادی اشاریئے بہتر ہوئے ہیں جس کا اعتراف بین الاقوامی معاشی اداروں نے بھی کیا ہے۔ صدر مملکت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ساز گار فضا اور بھرپور کاروباری مواقع موجود ہیں۔انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ صدر مملکت نے پاکستان میں متعین نئے سفیروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے اپنے ملکوں کے موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے کام کریں گے۔
صدر مملکت کو سفارتی اسناد پیش کرنے والے سفیروں میں بوسٹوانا کے نامزد سفیر موتھوسی بروس راباشا پلائی، ایکواڈور کے نامزد سفیر جرمن ایلی جاندرو اورتیگا المیدہ اور فن لینڈ کے نامزد سفیر ہیری کامارینن شامل ہیں۔ قبل ازیں نامزد سفرابگھی میں سوار ہو کر ایوان صدرکے مرکزی دروازے پر پہنچے اس موقع پر پاکستان اور متعلقہ ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور نامزد سفیروں کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

APP/Hamza/Was/: VNS Islamabad