طاقتوروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے پر وزیراعظم عمران خان کا چیف جسٹس کو خراج تحسین

283

اسلام آباد5 دسمبر(اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے مقابلے وسائل کم پڑنے سے عام پاکستانی کی زندگی مشکل ہوگئی ہے۔ زیادہ آبادی سے قدرتی ماحول کو سخت نقصان پہنچاہے۔ مسائل اور مشکلات بہت ہیں لیکن بہت جلد ان مشکلات پر قابو پالیں گے۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے بروز بدھ سپریم کورٹ کے زیراہتمام پاکستان میں خطرناک حد تک بڑھتی ہوئی آبادی کے موضوع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خطاب میں کیا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت اور قانون کی بالا دستی ایک ساتھ چلتے ہیں ۔ ریاست مدینہ اور دنیا بھر کی ترقی یافتہ اقوام نے قانون کے سامنے سر جھکانے سے ترقی کی۔ پاکستان میں بھی ادارے خود مختار ہورہے ہیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے طاقتوروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی جو کوششیں کی ہیں، وہ ملکی تاریخ میں نہایت مثبت پیش رفت ہے۔پانامہ کیس کے دوران جب عدالت متعلقہ اداروں سے پوچھتی کہ آپ نے کیوں اپنا فرض پورا نہیں کیا تو معلوم ہوتا تھا کہ ادارے حکومت کے خلاف کاروائی نہیں کرسکتے تھے ۔ کیونکہ قانون کی بالادستی نہیں تھی۔ آج چیف جسٹس ثاقب نثار نے اداروں کو اتنی ہمت اور حوصلہ دیا ہے کہ سی ڈی اے وقت کے وزیراعظم کے بارے میں عدالت کو رپورٹ دیتی ہے کہ کیا غلط ہوا ہے۔

اس سے قبل چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی صرف خطرناک نہیں، بلکہ تباہ کن بھی ہے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ لااینڈجسٹس کمیشن نے بہبود آبادی کے لئے جو تجاویز مرتب کی ہیں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ ان کے ساتھ اتفاق کرتے ہیں۔ چیف جسٹس نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں پر مقدمات کا بہت بوجھ ہے لیکن یہ بوجھ آج کل کا نہیں، صدیوں پرانا ہے۔ اس وقت بھی ملک میں بے شمار ایسے قوانین ہیں جو سو دو سو سال پہلے بنے ہیں ۔ ہم نے ان قوانین کو تبدیل کرنے کے لئے متبادل تجاویز دی ہیں لیکن قانون بنانا پارلیمنٹ کاکام ہے۔

اے پی پی /حامد بلال

 

وی این ایس اسلام آباد