اسلام آباد 13 دسمبر (اے پی پی): پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی مس ایلیزابیٹا بالونی اطالوی سیکرٹری جنرل برائے خارجہ امور نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
وزارت خارجہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے دوطرفہ باہمی تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے مابین سیاسی، اقتصادی، تجارتی ،تہذیبی اور دفاعی شعبوں میں دیرینہ دوطرفہ تعاون قابل تحسین ہے۔ انہوں نے اطالوی سیکرٹری جنرل برائے خارجہ کو پاکستان کی موجودہ حکومت کی ترجیحات اور عوامی اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلیم، تجارت اور عوام کی سطح پر دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
اطالوی سیکرٹری جنرل برائے خارجہ امور نے وزیر خارجہ سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے اپنی حکومت کی جانب سےبھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
اے پی پی/حمزہ رحمٰن/رضوان
وی این ایس اسلام آباد