اسلام آباد،05 دسمبر (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےکہا کہ پاکستانی حکومت واضع پیغام دینا چاہتی ہے کہ افغانستان میں امن کے بغیر خطےمیں امن ممکن نہیں۔امن کی خاطر اکٹھے سفر کیا ہے اور ہمیشہ امن کے لئے بھرپور ساتھ دیں گے۔ پاکستان میں زیر تعلیم افغان مہاجرین کے بچوں میں تحائف تقسیم کرنےکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ آپ کی تعلیم کے لئے جو بھی ہو سکا وہ کریں گے، 6 ہزار افغان بچوں کو پاکستان میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے سکالر شپ مہیا کی گئیں ہیں ۔ 50 ہزار افغان بچے مختلف شعبوں میں تعلیم مکمل کر کے اپنے ملک میں جا کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے تعلقات بہت قدیم ہیں اور دونوں ممالک کا مشترکہ مستقبل ہے۔
وفاقی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بچے افغانستان کا مستقبل ہیں اور آپ دونوں ممالک کے دوستانہ مستقبل کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن ، پاکستان کے لئے ضروری ہے اور افغانستان میں ترقی کے ہمیشہ حامی رہے ہیں۔ہم آپکی طرف سے تعاون کی امید رکھتے ہیں۔ گھر سے دور رہنا کبھی آسان نہیں ہوتا اسی لئے آپ نے ایسے اقدامات اٹھانے ہیں تا کہ آپ عزت سے مضبوط ہوکر اپنے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں جلد الیکشن کروانے جار ہے ہیں اور ان کو مین سٹریم میں لا رہے ہیں۔
چنی سفیر یاؤ جنگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین افغانستان ریجن کے لوگوں کی ترقی کے لئے اقدامات کرتا رہے گا۔
تین وزرائے خارجہ امن کے لیے ملے ہیں ، پاکستان اور افغانستان حکومت کے ساتھ امن کے لئے کام کرتے رہیں گے، امن کے لئے جتنا بھی ہوسکا وہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان ہمسائے ہیں اور ہمارا فرض ہے کے ہم مل کر خطے میں استحکام کے لیے کام کریں۔
اے پی پی/احسن/فاروق
وی این ایس اسلام آباد