دو ماہ میں منشیات،اسلحہ اور لینڈ مافیا کیخلاف  354مقدمات،385گرفتاریاں ہوئیں:وزیر مملکت برائے داخلہ

242

 

 

اسلام آباد، دسمبر 19 (اے پی پی): وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ ملک کی خاطر جانیں قربان کرنےوالوں کے ورثا کو عزت دینگے، دو ماہ کے دوران منشیات ،اسلحہ اور لینڈ مافیا کیخلاف  کل 354 مقدمات ہوئےاور  385 گرفتاریاں عمل میں آئیں

پولیس لائنز ہیڈکوارٹر میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا  کہ ہمیں پولیس کی لازوال قربانیوں پر فخر ہے ، ریاست کی زمہ داری ہے کہ پولیس کو  دنیا کی بہترین پولیس بنایا جائے۔ منشیات کا ناسور آ نیوالی نسلوں کے لیے تباہی پیدا کر ر ہا ہے  اور ایسے عناصر سے نمٹنے کےلئے پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔  انھوں نے کہا کہ ملک کی خاطر جانیں قربان کرنےوالوں کے ورثا کو عزت دینگے ، پولیس کو  ہر قسم کی جدید ٹیکنالوجی مہیا کرنا ریاست کی ذمّہ داری ہے۔

شہریار آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی خدمت کریں اور ان سے عزت سے پیش آئیں۔ وزیر مملکت نے بتایا کہ دو ماہ کے دوران منشیات ،اسلحہ اور لینڈ مافیا کیخلاف  کل 354 مقدمات ہوئے، 385 گرفتاریاں عمل میں آئیں۔

قبل ازیں وزیر مملکت نے آئی جی اسلام آباد عامر ذولفقار  کے ہمراہ ساتویں پاس آؤٹ ہونے 380 جوانوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا ،پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔ پاس آؤٹ ہونے والے دستے میں 182 ریٹائرڈ فوجی،175 بیسک ریکروٹ اور 23 شہداء کے بچے شامل تھے۔

اے پی پی /وسیم /نیوز ڈیسک

وی این ایس اسلام آباد