ریاست احساس کا نام ہے جو معاشرے کے کمزور طبقوں کو اوپر اٹھانے میں اپنا کردار ادا کرتی ہے: وزیرِ اعظم

321

اسلام آباد ،28 دسمبر(اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غربت کا خاتمہ  اور کمزور طبقے کو اٹھانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ریاست احساس    کا نام ہے جو معاشرے کے کمزور طبقوں کو اوپر اٹھانے میں اپنا کردار  ادا کرتی ہے۔

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر  نے  وزیر اعظم عمران خان سے  وزیر اعظم آفس میں ملاقات  کی  ، ملاقات میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر  نے  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے مختلف معاملات پروزیرِ اعظم کو بریفنگ دی ۔ اس موقع پر  وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے کے لئے ایک ایسا  مفصل پروگرام ترتیب دے رہے ہیں جو محض غربت سے متاثرہ افراد  کی وقتی ضروریات کو پورا کرنے  تک ہی محدود نہ ہو بلکہ جامع انداز میں کمزور طبقے کو غربت کے شکنجے سے نکلنے میں بھرپور کردار ادا کرے۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ غربت کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ اس سلسلے میں جاری مختلف پروگرامزکے درمیان کوارڈینیشن  اور ربط ہو۔ عمران خان کا مزید  کہنا تھا کہ  غربت  کے خاتمے، بے روزگار   افراد کو ہنر کی فراہمی اورغربت کی لکیر سے نیچے کے خاندانوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پروگرام کو جلد حتمی شکل دی جائے ۔

اے پی پی /ظہیر/شاہ زیب

 وی این ایس اسلام آباد