اسلام آباد ، 18 دسمبر (اے پی پی): وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ سیاست دان ہو، کوئی پولیس افسر ہو یا کوئی بھی ہو، جو قانون کو ہاتھ میں لے گا اس کو ہم مثال بنا دیں گے ۔
پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں بچوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں ان کے مستقبل سے کھیلنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا اور رہتی دنیا تک ان کو عبرت کی مثال بنا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ والدین اور میڈیا کو چاہیے بچوں میں شعور بیدار کریں اور ایسے عناصر جو بچوں کے مستقبل سے کھلواڑ کرتے ہیں ان کو انجام تک پہنچانے میں اداروں کا ساتھ دیں ۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کا دھندہ کرنے والے چاہے دنیا کے کسی کونے میں ہوں وہ قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے ، ہم ان کو کسی صورت بھی اپنے مستقبل سے نہیں کھیلنے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا بچوں کے جنسی زیادتی جیسا مکروہ دھندہ کرنیوالوں کو نہیں چھوڑیں گے، نئے پاکستان میں لوگوں کی عزتوں کو تحفظ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ کشمیر میں ہونے والی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر ے۔
اے پی پی/وسیم/نیوزڈیسک
وی این ایس اسلام آباد