اسلام آباد، 12 دسمبر (اے پی پی): وزیر برائے پاور ڈویژن عمر ایوب نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان سستی بجلی پیدا کرنے کے لئے ملکی/ تھرکول اور ہائیڈرو سمیت ملکی ذرائع کو ترجیع دے رہی ہے، مارچ 2019 میں قابل تجدید توانائی کی پالیسی لارہے ہیں ۔
قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قابل تجدید توانائی کو قومی گرڈ میں شامل کردیا گیا ہے تاکہ اس سے پیدا ہونے والی بجلی کی قیمتوں میں کمی سے فائدہ اٹھایا جائے۔
وزیر توانائی نے بتایا کہ ملک میں سستی بجلی کے حصول کی خاطر ملکی تھرکول اور ہائیڈرو پر مبنی گیارہ سو میگا واٹ سے زیادہ کے نجی شعبے میں بجلی پیدا کرنے کے اکیس منصوبے زیر غور ہیں۔
عمر ایوب نے کہا حکومت مارچ 2019 میں قابل تجدید توانائی کی پالیسی لانے لگی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ہم نے بجلی کی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ اس ضمن میں ہم نے پنجاب اور کے پی کے میں ٹاسک فورس قائم کر دی ہے۔ اب تک 8 ہزار لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی ہے جو بجلی چوری میں ملوث ہیں۔
اے پی پی/صائمہ/فرح
وی این ایس اسلام آباد