اسلام آباد، 19 دسمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مہمند ڈیم کا 54 سالہ مسئلہ حل ہونے کے قریب ہے جس سے پشاور کو 800 میگا واٹ بجلی اور پانی میسر آسکے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے جلد قوم کو خوشخبری سنائیں گے ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبوں کی خود مختاری مدِنظر رکھتے ہوئے صوبوں کے مسائل حل کریں گے ، یہ پرانے مسائل ہیں جن کا حل ہونا ضروری ہے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ مسئلہ حل کرنے پر آرمی چیف اور وزیر اعظم کا شکر گزار ہوں ۔
ٖفیصل واوڈا نے کہا کہ چیف جسٹس کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ڈیم بنانے کے لیے بہترین اقدامات کیے ، جنوری میں اس منصوبے کا افتتاح وزیر اعظم اور چیف جسٹس کریں گے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ 1964 کے بعد نئے ڈیمز بنانے پر توجہ نہیں دی گئی ،مہمند ڈیم بننے سے سیلاب کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا اور پانی وافر مقدار میں دستیاب ہو گا۔
چئیرمین واپڈا نے کہا کہ مہمند ڈیم پر کام آئندہ ماہ شروع ہو گا اور دیامر بھاشا ڈیم پر بھی جلد کام شروع کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم بنانے کے لیے واپڈا نے بطور ادارہ مضبوط قدم اٹھائے ، پانچ سال سے کم عرصے میں مہمند ڈیم کو مکمل کریں گے ۔
اے پی پی/سہیل/رضوان
وی این ایس اسلام آباد