اسلام آباد، 28 جنوری (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم کا اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ پاکستان، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے اصولی مطالبے کے حصول تک ان کی بھرپور سیاسی اور اخلاقی معاونت جاری رکھے گا۔
وزارت خارجہ میں سینیٹ کمیٹی برائے امور خارجہ کے ممبران نے آج چئیرمین کمیٹی مشاہد حسین سید کی سربراہی میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے ممبران کو آل پارٹیز پارلیمینٹیرینز کمیٹی کی مرتب کردہ، 30 اکتوبر کی رپورٹ پر اعتماد میں لیا۔ انہوں نے سینیٹ کمیٹی برائے امور خارجہ کے ممبران کو لندن میں کشمیر کے حوالے سے منعقدہ انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوستان کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے اصولی مؤقف کی حمایت میں مل کر آواز اٹھانے کی ہدایت کی ۔
وزیر خارجہ نے آگاہ کیا کہ اقوام متحدہ کی او ایچ سی ایچ آر اور آل پارٹیز پارلیمانی کشمیر گروپ کی رپورٹس نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر دیا ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ کی تمام سیاسی جماعتوں اور کشمیری قیادت کو 4 فروری کو ہاؤس آف کامنز میں منعقدہ سیمینار اور 5 فروری کو لندن میں کشمیر کےحوالے سے منعقدہ نمائش میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
اے پی پی / حمزہ رحمٰن/قراۃالعین
وی این ایس، اسلام آباد