سیاحت کے فروغ میں نئی ویزہ پالیسی اہم سنگ میل ثابت ہوگی:وزیر اعظم عمران خان

223

 

 

اسلام آباد،   28  جنوری (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں سیاحت کے پوٹینشل کو مدنظر رکھتے ہوئےٹورازم  کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس کے لئے نئی ویزہ پالیسی اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

مالاکنڈ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی سے  ملاقات میں  گفتگو  کرتے ہوئے  وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں سیاحت کی اہمیت اور اسکے فروغ پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ  سوات ، مالاکنڈ و دیگر علاقوں میں معدنی دولت کو برؤےکار لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

وزیر اعظم نے مالاکنڈ ڈویژن میں  ہونے والے مختلف منصوبوں کے بارےمیں وفد کو بتایا کہ مالا کنڈ ڈویژن میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کےلیے ہائیڈل پراجیکٹس اور ماحول دوست سستے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔  پشاور سے ملائیشیا کے لئے فلائٹس جلد شروع کی جائیں گی جس سےبیرون ملک کام کرنے والے لوگوں کو سہولت میسر آئے گی۔

ممبران قومی اسمبلی نے وزیر اعظم کو اپنے اپنے حلقہ انتخاب میں تعلیم، صحت،بجلی گیس و دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے اس موقع  پر ہدایات جاری کیں کہ حلقوں سے متعلقہ مسائل کے حل کو یقینی بنانے کےلیے واضح اور ٹھوس تجاویز مرتب کی جائیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس امر کویقینی بنایا جائے گا کہ سرکاری محکموں میں کلاس چہارم تک کی خالی آسامیوں کوپر کرنے کے لیے مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے۔

ملاقات میں وزیرمواصلات مراد سعید، ممبران قومی اسمبلی ڈاکٹر حیدر علی خان، سلیم رحمان،صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ، محمد بشیر خان، جنید اکبر اور شیر اکبر خان شامل تھے جبکہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق، افتخار درانی، ترجمان ندیم افضل چن،ملک عامر ڈوگر اور ارشد داد بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وفد نے مالاکنڈ کے مسائل میں دلچسپی لینے اور ان کے حل کی یقین دھانی پر وزیراعظم کا شکریہ بھی  ادا کیا ۔

 

اے پی پی/ حمزہ رحمٰن /قراۃالعین

وی این ایس، اسلام آباد