مضبوط حمایت اور امداد پر چین کے شکر گزار ہیں :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

230

 

 اسلام آباد ،21 جنوری (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان مضبوط حمایت اور امداد پر چین کا شکر گزار ہے اور دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں چین کی معاونت کا خیر مقدم کرتا ہے۔

پاکستان میں چینی سفیر یاؤ جنگ نے    سوموار کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ملاقات کے  دوران دو طرفہ تعلقات پاک چین اقتصادی راہداری سمیت دیگر اہم علاقائی اور عالمی امور پر  تبادلہ خیال  کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے  ہوئے وزیر خارجہ شاہ  نے کہا  کہ انکی اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے  بیجنگ اور کابل میں  ہونے والی ملاقاتیں کافی سود مند رہیں جن میں ہم نے دوطرفہ باہمی تعاون کے فروغ کے ذریعے، پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے بہت اہمیت کی حامل ہے۔

چینی سفیر یاؤ جنگ نے اس موقع پر کہا کہ چین- پاکستان دوستی دونوں ملکوں کے عوام کے دلوں میں جڑ پکڑ چکی ہے۔

گزشتہ سال نومبر میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے چین کا کامیاب دورہ کیا اور دونوں ممالک کی قیادت کے مابین اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ دونوں راہنماؤں نے پاک چین دوستی اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیاتھا۔

اے پی پی/حمزہ رحمٰن /طاہرمحموداعوان

وی این ایس اسلام آباد