وزیر اعظم عمران خان کی آئندہ ایک ہفتے میں گیس کی کمی پوری کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت

252

اسلام آباد، 08جنوری (اے پی پی): وزیر اعظم عمران خان نےآئندہ ایک ہفتے میں گیس کی کمی کو  پوری کرنے کو یقینی  بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انرجی کا اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیر اعظم کو ملک میں گیس کی طلب اور رسد کے حوالے سے موصول شکایات کے ازالے کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ گذشتہ دنوں میں پیش آنے والے گیس بحران کی انکوائری رپورٹ بھی  وزیرِ اعظم کو پیش کی گئی جس میں  ذمہ داری کا تعین کیا گیا ہے۔

ایم ڈی سوئی ناردرن گیس نے غیر قانونی طور پر گیس کمپریسرز کے استعمال کے خلاف کیے جانے والے اقدامات سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا اور کہا کہ  غیر قانونی کمپریسر ز کے استعمال کے جرم میں اب تک پانچ ہزار کنکشن منقطع کیے جا چکے ہیں۔ اس وقت سسٹم میں سے بارہ سے تیرہ فیصد گیس چوری ہو رہی ہےاورگیس کے شعبے میں سالانہ نقصانات تقریبا پچاس ارب روپے سالانہ ہیں۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو  بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات اور اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں پر بھی  تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے   کہا گیا بجلی چوری کے خلاف مہم کے نتیجے میں محض نومبر کے ایک مہنیے میں ڈیرھ ارب روپے کی بچت ہوئی ہے جبکہ  بجلی چوری کے خلاف مہم میں اب تک 16000مقدمات قائم کیے گئے ہیں۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ بجلی  اور گیس چوری کے خلاف مہم کو مزید تیز کیا جائےکسی کی چوری یا بدانتظامی کا خمیازہ عوام بھگتیں یہ ناقابلِ قبول ہے۔مختلف شعبوں میں گیس کی طلب و استعمال اور تخمینوں سے متعلقہ مسائل کے مستقل حل کے لئے متعلقہ محکموں کے درمیان کوارڈینیشن کو مزید بہتر کیا جائے۔

اے پی پی/حمزہ /حامد

سورس:وی این ایس  اسلا م آباد