وفاقی حکومت کسی کی خواہش پر ختم نہیں ہوسکتی:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

243

 

اسلام آباد، 25 جنوری (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی لیڈرشپ نڈر ہے،وفاقی حکومت کسی کی خواہش پر ختم نہیں ہوسکتی بلکہ اپنے 5 سال ہر صورت میں  مکمل کرےگی، معاشی ترقی کے ثمرات آنےوالےدنوں میں نظرآئیں گے۔

اندرون سندھ کے دورہ کے دوران عمرکوٹ میں سرورپالی مرحوم کی دعائیہ تقریب کے موقع پر مجمع عام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ضمنی مالیاتی ترمیمی بل تجارت سرمایہ کاری اور برآمدات کو فروغ دے گا۔بل تجارتی اور مالی خسارے پر قابو پانے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا،بل میں ہاوسنگ، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور زراعت جیسے  شعبہ جات کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے تاکہ ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور  ان شعبہ جات کو سرمائے کی رسائی میں بہتری کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے لئے بینکاری اور سٹاک مارکیٹ کو مراعات دی گئی  ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا  پاکستان کی دو طرفہ تجارت اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے اور حوصلہ شکنی سے درآمدات کو کم کر رہے ہیں ۔معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے جس کے ثمرات  آنےوالے دنوں میں نظر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اگر حد سے تجاوز کرے گی تو انکو کنٹرول کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے،تحریک انصاف چاہتی ہےکہ پولیس میں بہتری آئے،عمران خان نے جیسے خیبر پختونخواہ پولیس کےنظام کوبہترکیا ویسے سندھ اور پنجاب میں بہتری آنی چاہیے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مجھے علم ہے کہ عمر کوٹ کے لوگوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے،عمر کوٹ کے باسیوں سے میرا قلبی رشتہ ہے جہاں ذہن اور دل ملتے ہیں وہاں کوئی دیوار کھڑی نہیں رہ سکتی ۔عمرکوٹ اور تھرپارکر میں پانی کی شدید قلت  پر بات کرتے ہو ئے  وزیر خارجہ نے   ہدایت کی کہ جب تک عمر کوٹ کے لوگ اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے آواز نہیں اٹھائیں گے تب تک پسماندگی ان کا مقدر رہے گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری حکومت نے 173 ممالک کے الیکٹرانک ویزہ دینے کی سہولت کا فیصلہ کیا ہے،50 ممالک کے لوگوں کو ایئر پورٹ پہنچنے پر ہی ارائیول ویزہ مل جائے گا،اس فیصلے سے تجارت کو فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہ داری کھول کر  اور منصوبے کی منظوری دے کر  پوری دنیا میں امن کا پیغام دیا ہےجس کے پہلے مرحلے میں 2 سے ڈھائی ارب روپے منصوبے پر خرچ کئے جائیں گے۔بھارت سمیت پوری دنیا سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں ،ہماری  خواہش  ہے کہ کھوکھرا پار راستہ بھی کھولا جائے تاکہ تھر سے لوگ راجھستان کی جانب آسانی سے جاسکیں۔

اے پی پی/حمزہ/قراۃالعین

وی این ایس،اسلام آباد