اسلام آباد 09 جنوری(اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت ہے، پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولتیں فراہم کر رہے ہیں ،جاپان بھی سرمایہ کاری کے ان نئے مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
وزارتِ خارجہ میں پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی سے الوداعی ملاقات میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین بہترین تعلقات موجود ہیں، جاپانی قوم نے اپنی محنت سے نمایاں ترقی حاصل کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ کے حوالے سے سفیر تاکاشی کورائی کی خدمات کو سراہا اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
جاپانی سفیر تاکاشی کورائی نے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہے۔
اے پی پی /حمزہ/حامد
وی این ایس اسلام آباد