پاک عمان دیرینہ تعلقات کو تجارتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے ذریعے مزیدبڑ ھانے کے لئےعزم ہیں:شاہ محمود قریشی

243

اسلام آباد 31 جنوری (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاک عمان دیرینہ تعلقات کو تجارتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے ذریعے مزید آگے لے جانے کے لیے پر عزم ہیں۔ دونوں ممالک نے  دو طرفہ تعلقات اور معاشی تعاون کو بڑھانے کے لئے  اہم فیصلے کیے ہیں۔

عمان کے وزیر خارجہ کے ہمراہ ساتویں جوائنٹ منیسٹریل کمیشن کے بعد جوائنٹ پریس کانفرنس کرتے  ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کمیشن میں کیے گئےمشترکہ فیصلوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے  مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں  تاکہ کمیشن کے اصول و ضوابط کی روشنی میں ان امور کو عملی شکل دی جا سکےانہوں نے کہا کہ عرب ریاستوں میں عمان ہمارے سب سے قریب تر ہے اور  ہماری سمندری حدود بھی  آپس میں ملتی ہیں۔30 فیصد عمانی، بنیادی طور پر پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے ہیں جو ایک صدی پہلے عمان کی طرف ہجرت کر کے یہاں مقیم ہو گئے۔ پاکستان اور عمان کے مابین قدیم مذہبی سیاسیاور ثقافتی تعلقات ہیں جو تاریخی نوعیت کے حامل ہیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اہم بین الاقوامی مسائل پر بھی ہماری سوچ میں خاصی مطابقت پائی جاتی ہے۔

شاہ  محمود قریشی نے کہا کہ خوشی ہے کہ تقریبا ََ تین لاکھ پاکستانی، اپنی محنت سے عمان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ عمان ہماری استعداد کار سے بھرپور فائدہ اٹھائے۔ اسی لیے ہم نے لیبر اور ٹریننگ کے حوالے سے بھی مشترکہ طور پر ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔

وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ اس وقت ہماری باہمی دو طرفہ تجارت کا حجم کافی کم ہے جسے بڑھانے کےٹریڈ اور کامرس پر ایک مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز دی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، گارمنٹس، ادویات سازی، آلات انجینئرنگ، زرعی مشینری اور دفاعی آلات میں بین الاقوامی سطح کی مصنوعات تیار کر رہا ہے ہم عمان کی مارکیٹ کی ضروریات کےمطابق ان کی ترسیل کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔موجودہ عالمی اقتصادی تناظر میں نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے ہماری حکومت نجی شعبے کو بھی پاکستانمیں سرمایہ کاری کے لئے بہت سی سہولیات فراہم کر رہی ہے عمان کے نجی شعبے سے وابستہ کمپنیاں بھی ان سہولیات سے مستفید ہو کر پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں

اے پی پی/ حمزہ رحمٰن/شاہ زیب

وی این ایس اسلام آباد