کرپٹ عناصر کیخلاف آپریشن کلین اپ جاری رہے گا: چوہدری فواد

203

اسلام آباد، 07 دسمبر  (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کرپٹ عناصر کیخلاف آپریشن کلین اپ جاری رہے گا،وزیراعظم نے جو کرپٹ لوگوں کے خلاف آپریشن شروع کیا ہے اس کو لے کر آگے چل رہے ہیں۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ  پریس  کانفرس  کرتے  ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کا فیصلہ نیب کو بھجوا کر سپریم کورٹ نے آج ایک اہم فیصلہ کیاہے۔سپریم کورٹ نے بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا کہا ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلوں پر پہلے کی طرح عمل کیا جائے گا۔تحریک انصاف کا مراد علی شاہ سے  استعفے کا مطالبہ  برقرار ہے۔ شفاف احتساب کے لیے مراد علی شاہ کا جانا  ضروری ہے۔جعلی بینک اکاؤنٹس میں مراد علی شاہ پر سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یو اے ای کے ولی عہد کا دورہ دو حصوں پر مشتمل تھا، ان کا دورہ نجی اور سرکاری تھا۔ شیخ زید بن النیہان پہلے سربراہ تھے جن کا وزیراعظم نے استقبال کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ کہنا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مقدمات شروع کیے ہیں غلط ہے۔ تمام مقدمات 2015 اور 2016 میں شروع ہوئے۔ چوہدری نثار بھی اس حوالے سے اہم پریس کانفرنس کرتے رہے ہیں۔ان لوگوں نے  چارٹر آف کرپشن پر سائن کئے ہوئے تھے جو اب ختم ہو گیا ہے۔ ان کو چاہئے کہ اپنے الائنس کا نام کرپشن آف الا ئنس رکھا لیں۔یہ لوگ چاہتے ہیں کہ ان کی کرپشن کو تحفظ دینے کے لیے لوگ سڑکوں پر نکلے اور تحریک چلائیں۔ عوام ان کے چہرے اور ان کی حرکتیں جان چکی ہے۔

اے پی پی /ناہید/ریحانہ

سورس: وی این ایس  اسلام آباد