کراچی، 6 جنوری (اے پی پی): صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ایوان صدر اور گورنرہاوسز کو شہریوں کیلئے کھولنے کے حکومتی اقدام کو عوام میں بہت پذیرائی ملی ہے ، گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کراچی میں سماجی ، ادبی اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ہے۔
گورنر ہاوس میں منعقدہ ہارلے ڈیوڈسن موٹرسائیکلز کے شو کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں صدرمملکت نے کہا کہ ہمیں نئے اور پرانے کلچر کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ شہر میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے میں گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کردار خوش آئند ہے۔
اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ جلد گورنر ہاؤس میں تین روزہ ادبی فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تعلیم، ادب, ثقافت، سیمینارز، ورکشاپز، کتابوں کی نمائش سمیت دیگر تعمیری سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ ونٹیج اینڈ کلاسک موٹر سائیکلز مالکان خصوصی طور پرقابل ستائش ہیں کہ جنہوں نے ان پرانی اور نایاب موٹر سائکلز کو سناعلل کر رکھا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ گورنر ہاؤس میں منعقدہ ونٹیج اینڈ کلاسک ہارلے ڈیوڈسن موٹر سائیکلزنمائش میں ملک کے مختلف شہروں سے آئی ہوئی بہترین کنڈیشن کی 50 ہارلے ڈیوڈ سن موٹر سائیکلز موجود تھیں جو موٹر سائیکلزشرکاء کی توجہ کا مرکز بنی رہی اور لوگوں نے ان موٹر سائیکلز کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔
اے پی پی /کراچی/حامد
سورس:وی این ایس کراچی