اسلام آباد 26 فروری (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی اعلی قیادت نے فیصلہکیا ہے کہ ہندوستان کی طرف سے کی گئی جارحیت کا جواب دیا جائے گا۔
وزارتِ خارجہ میں وزیر دفاع اور وزیر خزانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے میڈیا کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم عمران خان نے آج نیشنل سیکورٹی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جس میں وزیرخارجہ، وزیر دفاع وزیر خزانہ، چیف آف آرمی سٹاف اور دیگر سول عسکری قیادت نے شرکت کی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اجلاس کا اعلامیہ پڑھ کر سنایا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہندوستان کی طرف سےجارحیت کا مظاہرہ کیا گیا جس کا جواب دیا جائے گا انہوں بتایا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے گا، پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں وزیر خارجہ، وزیر دفاع، وزیر خزانہ شامل ہونگے تاکہ تمام پارٹیوں کو اعتماد میں لیا جائے، میڈیا کو جائے وقوعہ پر لے جایا جائے گا تاکہ ہندوستان کا جھوٹا پروپیگنڈہ بےنقاب ہو سکے،بین الاقوامی لیڈر شپ کو بھی انگیج کیا جائے گاجسے وزیراعظم اور وزیر خارجہ کریں گے۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ انکی ترکی سے بات ہوئی ہے اور میں نے انہیں صورتحال سے آگاہ گیا ہے۔ او آئی سی کےرابطہ گروپ کا اجلاس یو اے ای میں جاری ہے جس میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ شریک ہیں اور وہ پاکستان کا نقطہ ء نظر پیش کریں گی۔ میری کل یو اے ای کے وزیر خارجہ سے بات ہوئی اور انہیں میں نے تمام صورتحال سے آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب کے کراؤن پرنس اور یو اے ای کے کراؤن پرنس سے بات کی اور انہوں نے او آئی سی کے اجلاس پر پاکستان کا نقطہ ء نظر پیش کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ آج صورتحال تبدیل ہوچکی ہے آج او آئی سی کے بانی ممبر کے خلاف جارحیت کی گئی واقعہ پلوامہ میں ہوتا ہے اور ہندوستان کی دس ریاستوں میں مسلمانوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی جاتی ہیں۔ کشمیر میں نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے انہیں تشدد کانشانہ بنایا جا رہا ہے۔
میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوۓ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر چوکس اور ملکی دفاع کیلئے تیار ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ بھارت جھوٹا پروپیگنڈہ کر کے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے۔ مودی سرکار اپنے ہارتے ہوۓ انتخابات سے نظریں ہٹانے کیلئے سب کُچھ کر رہی ہے۔
اے پی پی / حمزہ رحمٰن(17:09)/حامد(17:22)
وی این ایس اسلام آباد